شام کو عرب لیگ میں دوبارہ شامل کرنے کی قرارداد منظور

شام کو عرب لیگ میں دوبارہ شامل کرنے کی قرارداد منظور فائل فوٹو شام کو عرب لیگ میں دوبارہ شامل کرنے کی قرارداد منظور

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب وزرائے خارجہ نے اپنے اجلاس میں شام کی عرب لیگ میں دوبارہ شمولیت سے اتفاق کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے اتوار کو اس غیرمعمولی اجلاس میں شام کی عرب لیگ میں دوبارہ شمولیت کی تجویز پرغورکیاہے اوراس کے بعد اس تجویزسے اتفاق کیا ہے۔

اجلاس میں سوڈان کے تنازع اور مسئلہ فلسطین کو بھی ایجنڈے میں شامل کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عرب لیگ نے2011 ء میں شام میں صدربشارالاسد کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے بعد دمشق کی رکنیت معطل کردی تھی۔

حال ہی میں سعودی عرب اور مصر سمیت متعدد عرب ممالک نے اعلیٰ سطح کے دوروں اور ملاقاتوں میں شام کے ساتھ دوبارہ بات چیت کی ہے۔

عرب ممالک اس بات پراتفاق رائے حاصل کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں کہ آیا شامی صدربشارالاسد کو 19 مئی کو الریاض میں عرب لیگ کے سربراہ اجلاس میں مدعو کیاجائے تاکہ تعلقات کو معمول پر لانے کی رفتار پرتبادلہ خیال کیاجا سکے اور کن شرائط پرشام کو تنظیم میں واپس آنے کی اجازت دی جا سکے۔

قاہرہ میں یہ نئی پیش رفت گذشتہ ہفتے اردن کے دارالحکومت عمان میں چارعرب وزراء خارجہ کے ایک اجلاس کے بعد ہوئی ہے۔ اس میں شامی وزیرخارجہ فیصل المقداد نے عرب وزرا سے پہلی بار ملاقات کی تھی۔ اس میں دمشق کوامن منصوبہ پر مذاکرات کے لیے آمادہ کرنے کے اردن کے اقدام پرتبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store