سینیٹ میں انتخابات التواء سے متعلق قرارداد کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

سپریم کورٹ فائل فوٹو سپریم کورٹ

سینیٹ میں انتخابات ملتوی کرانےکی قرارداد منظور کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ اشتیاق احمد راجہ نے استدعا کی ہےکہ سینیٹ کی منظور کردہ قرارداد کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دیا جائے۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں ایڈووکیٹ اشتیاق احمد راجہ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سینیٹر دلاور خان کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ سینیٹ کی منظور کردہ قرارداد کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دیا جائے، جن ممبران نے قرارداد پاس کرنے میں کردار ادا کیا ان کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق عام انتخابات کروانے کی ہدایت کی جائے۔

درخواست میں سینیٹر گردیپ سنگھ، سینیٹر ہدایت اللّٰہ سمیت دیگر سینیٹرز کو بھی فریق بنایا گیا، جبکہ الیکشن کمیشن اور سینیٹ میں نمائندگی رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو بھی فریق بنایا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔

install suchtv android app on google app store