بھارت میں مندر کے کنویں کی چھت گرنے سے 12 افراد ہلاک

جائے حادثہ کی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ عقیدت مندوں کو رسیوں اور سیڑھیوں کی مدد سے باہر لایا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو جائے حادثہ کی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ عقیدت مندوں کو رسیوں اور سیڑھیوں کی مدد سے باہر لایا جا رہا ہے۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے سب سے گنجان آباد شہر اندور میں واقع ایک مندر میں کنویں کی چھت گرنے کے باعث 30 سے زائد افراد اس میں جاگرے جن میں سے 12 زائرین کی موت ہو گئی۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہندو دیوتا بھگوان رام کے جنم دن رام نوامی کے موقع پر بھارت بھر کے عقیدت مندوں سے مندر کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، کنویں کی چھت پر واقع مندر کی چھت عوام کی کثیر تعداد کی وجہ سے گری۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق 17 لوگوں کو ریسکیو کرلیا گیا جن میں سے متعدد ہسپتال میں داخل ہیں جب کہ بیلیشور مہادیو مندر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بیلیشور مہادیو مندر میں یہ واقعہ رام نوامی کے موقع پر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے باعث پیش آیا، جائے وقوع کے جائزہ سے پتا چلتا ہے کہ لوگوں کے بوجھ کی وجہ سے کنویں کی چھت گری جس پر مندر واقع تھا اور لوگ کنویں میں جاگرے۔

جائے حادثہ کی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ عقیدت مندوں کو رسیوں اور سیڑھیوں کی مدد سے باہر لایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ مدھیا پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ کنویں میں گرنے والوں کو بچانے کی تمام کوششیں کی جارہی ہیں، یہ ایک بدقسمت واقعہ ہے لیکن ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بعد ازاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن سہ پہر کو ختم ہوا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ اس حادثے پر دکھی ہیں، اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ اندور میں ہونے والے حادثے سے بہت دکھ ہوا۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان جی سے بات کی اور صورتحال کے بارے میں اپ ڈیٹ لی، ریاستی حکومت تیزی سے ریسکیو اینڈ ریلیف کے کاموں کو آگے بڑھا رہی ہے، میری دعائیں تمام متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

اندور کے کلکٹر ٹی راجا نے پہلے کہا تھا کہ ریسکیو کا کام جاری ہے اور انتظامیہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

install suchtv android app on google app store