کابل میں افغان وزارت خارجہ کے باہر خودکش دھماکا، 6 افراد جاں بحق

کابل میں افغان وزارت خارجہ کے باہر خودکش دھماکا فائل فوٹو کابل میں افغان وزارت خارجہ کے باہر خودکش دھماکا

افغانستان کے دارالحکومت میں واقع وزارت خارجہ کے دفتر کے سیکیورٹی گیٹ پر حملہ آور نے خود کو بارودی مواد کے دھماکے سے اُڑالیا جس کے نتیجے میں 6 افراد کے جاں بحق ہوگئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان طالبان نے اپنے بیان میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا۔

ترجمان طالبان کے مطابق خود کش بمبار نہیں رکا تو سیکیورٹی اہلکار نے اس پر گولیاں چلادی دیں جس سے وہ زخمی ہوکر گر گیا اور اسی وقت خود کش دھماکا کردیا۔
خود کش حملے میں 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد شہری ہیں تاہم زخمیوں میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ حملہ آور کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاہم اب تک اس کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔

تاحال کسی شدت پسند گروپ نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سیکیورٹی اہلکاروں، سرکاری دفاتر اور امام بارگاہوں پر حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store