چین کے صوبے ہیبی کے ریسٹورنٹ میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ چینی شہر سانہے میں پیش آیا جہاں ریسٹورینٹ میں گیس لیکج کی وجہ سے دھماکا ہوا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ یہ ریسٹورینٹ فرائیڈ چکن شاپ تھی جس میں گیس لیکج کی وجہ سے زور دار دھماکا ہوا اور ریسٹورینٹ میں آگ بھڑک اٹھی، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا۔
رپورٹس کے مطابق دھماکے میں ایک شخص کے ہلاک اور 22 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے اور آگ لگنے سے ریسٹورینٹ کی عمارت جل گئی جب کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
گزشتہ ماہ بھی چین میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 15 افراد ہلاک اور 44 افراد زخمی ہوئے تھے۔