امریکا میں موسم سرما کے بدترین طوفان سے مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 50 تک جا پہنچی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں موسم سرما کے سخت ترین طوفان کے باعث جمعے سے اب تک ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ریاست نیویارک کے مغربی علاقے 43 انچ برف میں دبے ہوئے ہیں،گاڑیاں کئی فٹ برف میں پھنسی ہوئی ہیں اور ہزاروں لوگوں کو تاحال بجلی کی فراہمی منقطع ہے، سب سے زیادہ متاثرہ شہر بفیلو کا انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی منگل تک بند کر دیا گیا ہے،کئی فٹ برف اور حد نگاہ کم ہونے پر شہریوں کے لیے سفری پابندی پیرکو بھی برقرار رکھی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ریاست نیویارک کے دوسرے بڑے شہر بفیلو میں 25 ہلاکتیں ہو چکی ہیں، شہر میں جمعے سے اب تک 8 فٹ تک برف پڑی، سرد ہواؤں کے ساتھ برف باری کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بفیلو میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس سے پہلے 1977 میں موسم سرما کے طوفان سے بفیلو میں 30 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔