محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران شمالی علاقوں میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے، جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند بتدریج بڑھنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور پنجاب و خیبر پختونخوا کے بعض میدانی اضلاع میں دھند چھائی رہی۔
اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل رہا اور آلودگی کی فہرست میں پانچویں نمبر پر رہا۔
شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 199 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ سول سیکریٹریٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ AQI 810 رپورٹ کیا گیا۔