کراچی میں سرد ہواؤں نے اپنا راج قائم کر لیا ہے اور سردی بتدریج شدت اختیار کر رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے شہر میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں بھی جا سکتا ہے۔
فی الحال شہر میں ہلکی سردی اور خشک موسم برقرار ہے، تاہم فضائی آلودگی کا مسئلہ بدستور سنگین ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ ہفتے کراچی میں سردی کی نئی لہر داخل ہو سکتی ہے، جس سے رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی اور سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہونے کا خدشہ ہے۔
دن کے اوقات میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ رات کے وقت خنکی میں اضافہ ہوگا اور صبح سویرے ہلکی دھند بھی پڑ سکتی ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ
کراچی کا فضائی معیار بدستور خراب ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔
ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 170 پارٹیکیولیٹ میٹرز تک ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ انسانی صحت کے لیے مضر ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کیا جائے اور غیر ضروری طور پر کھلی فضا میں زیادہ دیر نہ رہا جائے۔