ٹک ٹاک نے ایک نیا فیچر نیئر بائی فیڈ متعارف کرایا ہے۔
اس نئی فیڈ کے ذریعے صارفین اپنے اردگرد کے بارے میں جان سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس نئی فیڈ کو ڈیزائن کرنے کا مقصد صارفین کو اپنے قریب موجود نئی جگہوں کو دریافت کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
نیئر بائی فیڈ کو ابھی برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں متعارف کرایا گیا ہے۔
کمپنی نے اس فیڈ کی آزمائش سب سے پہلے 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا میں شروع کی تھی اور اس وقت محدود صارفین کو اس تک رسائی دی گئی تھی۔
مگر پھر اس پر کام روک دیا گیا۔
اب اسے چند ممالک میں متعارف کرایا گیا ہے اور کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس فیڈ میں لوگوں کو ان کی لوکیشن، مواد کے موضوع اور مواد پوسٹ ہونے کے وقت مطابق پوسٹس دکھائی جائیں گی۔
مثال کے طور پر صارفین سیاحت، ایونٹس اور فوڈ وغیرہ سے متعلق مقامی مواد دیکھ سکیں گے۔
اس فیچر سے ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کو اپنے شہر یا خطے کے صارفین تک رسائی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
ٹک ٹاک نے بتایا کہ لوکیشن کو شیئر کرنا آپشنل ہوگا اور یہ آپشن 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ہی دستیاب ہوگا۔
جب لوکیشن سیٹنگ ان ایبل کی جائے گی تو ٹک ٹاک کی جانب سے ڈیوائس کی جی پی ایس پر مبنی لوکیشن کو استعمال کرکے لوکیشن پر مبنی مواد دکھایا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق 18 سال سے کم عمر افراد کے اکاؤنٹ کی نیئر بائی فیڈ میں مواد نظر نہیں آئے گا، یا اگر آپ کا اکاؤنٹ پرائیویٹ ہے یا فرینڈز یا اونلی یو پرائیویسی پر سیٹ کیا گیا ہوگا، تو بھی اس فیڈ پر ویڈیو نظر نہیں آئیں گی۔
اگر کوئی صارف کسی دوسرے شہر یا خطے کے نیئر بائی مواد کو دیکھنے کا خواہشمند ہوگا، تو اسے لوکیشن نیم میں جاکر اپنی لوکیشن کو تبدیل کرنا ہوگا۔
یہ ابھی واضح نہیں کہ اس فیچر کو دنیا بھر کے صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔