2025 کا اختتام قریب ہے، مگر اب بھی کئی افراد یہ نہیں جانتے کہ ایک مضبوط پاس ورڈ کیسے بنایا جائے۔ پاس ورڈ منیجر کمپنی نورڈ پاس نے 2025 کے سب سے مقبول اور بدترین پاس ورڈز کی فہرست جاری کی ہے۔
کمپنی سات سال سے ہر سال ایسے پاس ورڈز کی فہرست مرتب کر رہی ہے۔ اس بار کی فہرست تیار کرنے کے لیے ستمبر 2024 سے ستمبر 2025 کے دوران لیک ہونے والے ڈیٹا اور ڈارک ویب کے مواد کا تجزیہ کیا گیا۔
اس مرتبہ مختلف نسلوں کے افراد کی پاس ورڈ عادات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاس ورڈ حیران کن نہیں، کیونکہ یہ برسوں سے ہر سال کی فہرستوں میں نمبر ون پوزیشن پر ہے۔
یہ پاس ورڈ ہے 123456۔
گزشتہ سات سال میں یہ چھٹی بار ہے کہ یہ پاس ورڈ نورڈ پاس کی فہرست میں ٹاپ پر رہا ہے۔
اسی طرح admin دوسرے جبکہ 12345678 تیسرے نمبر پر رہا۔
123456789 کے حصے میں چوتھا، 1235 کے حصے میں 5 واں جبکہ password کے حصے میں چھٹا نمبر آیا۔
Aa123456 نے 7 واں نمبر اپنے نام کیا جبکہ 1234567890 کے حصے میں 8 واں نمبر آیا۔
9 ویں نمبر پر Pass@123 موجود ہے جبکہ admin123 اس فہرست میں 10 واں مقبول ترین پاس ورڈ قرار دیا گیا۔
اگر مختلف نسلوں کی بات کی جائے تو جنریشن زی (1996 سے 2010 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد) کے پسندیدہ ترین پاس ورڈز 12345، 123456 اور 12345678 قرار پائے۔
Millennials یا جنریشن وائے (1981 سے 1996 کے دوران پیدا ہونے والے) میں شامل افراد کے پسندیدہ ترین پاس ورڈز میں 123456 سرفہرست رہا جبکہ 1234qwer دوسرے اور 123456789 تیسرے نمبر پر رہا۔
1965 سے 1980 کے دوران پیدا ہونے والے افراد یا جنریشن ایکس میں شامل افراد کا پسندیدہ ترین پاس ورڈ بھی 123456 ہے جبکہ 123456789 اور 12345 بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
خیال رہے کہ ہر آن لائن اکاؤنٹ کے لیے الگ پاس ورڈ ہونا چاہیے اور کوشش ہونی چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مشکل ہو۔
ویسے تو ٹیکنالوجی کمپنیاں پاس ورڈ کے متبادل پر کافی کام کررہی ہیں مگر ایسی ٹیکنالوجیز کی دستیابی کے لیے ابھی کچھ عرصہ درکار ہے۔