پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ریسلر اور اداکار جان سینا ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) آئندہ ہفتے ریسلنگ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
واضح رہے کہ جان سینا نے 2024 میں ایک ریسلنگ ایونٹ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ وہ 2025 کے آخر تک ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیں گے۔
ان کا آخری ڈبلیو ڈبلیو ای میچ 13 دسمبر کو ہوگا۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کے شیڈول ایونٹ Saturday Night’s Main Event میں جان سینا آخری بار رنگ میں لڑتے نظر آئیں گے۔
مگر ان کا آخری حریف کون ہوگا؟ یہ نام بھی اب سامنے آگیا ہے۔
درحقیقت یہ ایسا ریسلر ہے جس سے جان سینا کا آج تک مقابلہ نہیں ہوا تھا۔
یہ ریسلر ہے دی رنگ جنرل کی عرفیت سے معروف گنٹھر، جو 5 دسمبر کو دی لاسٹ ٹائم از ناؤ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایل اے نائٹ کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔
گنٹھر کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے چند بہترین ریسلرز میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے اور اسی لیے انہیں جان سینا کے آخری حریف کے طورپر منتخب کیا گیا۔
گنٹھر نے ہی ایک اور لیجنڈ ریسلر بل گولڈ برگ کو جولائی 2025 میں ان کے آخری میچ میں شکست دی تھی۔
اب یہ دیکھنا ہوگا کہ گنٹھر ایک اور لیجنڈ کو اس کے فائنل میچ میں شکست دیتے ہیں یا جان سینا اپنے کیرئیر کا اختتام فتح کے ساتھ کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال کے دوران جان سینا نے ریسل مینیا 41 کی دوسری رات کے مین ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے کوڈی روڈز کو شکست دی اور ریکارڈ 17 ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بن گئے تھے۔
یہ پہلی بار تھا جب ڈبلیو ڈبلیو ای میں کوئی ریسلر 17 ویں بار چیمپئن بنا۔
مئی 2025 میں ایک انٹرویو کے دوران جان سینا نے بتایا تھا کہ آخر انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیوں کیا۔
انٹرویو کے دوران جان سینا نے بتایا کہ انہوں نے ریٹائر ہونے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اب ان کا جسم پہلے کی طرح مضبوط نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ 'اب میرا جسم پہلے جیسا نہیں رہا، یہاں تک کہ پہلے کی طرح وزن بھی نہیں اٹھا سکتا، تو ابھی میں وہ کام کرنا چاہتا ہوں جو آج میں بہترین انداز سے کرسکتا ہوں'۔
انہوں نے بتایا کہ 'آپ جانتے ہیں کہ ڈبلوی ڈبلیو ای کا راستہ ہمیشہ ایک جیسا رہتا ہے، جبکہ میری صلاحیتیں گھٹ رہی رہیں، تو یہ اس باب کو بند کرنے کا وقت ہے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں نے ریسلنگ کو حقیقی الوداع کہنے کا آئیڈیا ڈبلیو ڈبلیو ای کے سامنے پیش کیااور توقع ظاہر کی کہ اس سے ان کے بزنس کو بھی فائدہ ہوگا، انہوں نے اسے قبول بھی کرلیا'۔
48 سالہ جان سینا 2001 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے تھے اور انہیں ہر دور کے بہترین ریسلرز میں سے ایک مانا جاتا ہے۔
جان سینا نے 2006 میں اداکار کے طور پر اپنا کیرئیر فلم دی میرین سے شروع کیا۔
اس کے بعد وہ متعدد فلموں کا حصہ بن چکے ہیں جن میں فاسٹ اینڈ فیوریس 9، دی سوسائیڈ اسکواڈ اور ٹرین ورک قابل ذکر ہیں۔
2018 سے وہ پارٹ ٹائم ریسلر کے طور پر ڈبلیو ڈبلیو ای سے جڑے ہوئے ہیں۔
وہ قریب المرگ بچوں کی خواہشات پوری کرنے والے ادارے میک اے وش سے بھی منسلک ہیں اور اس حوالے سے ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج ہے۔
جان سینا نے میک اے وش فاؤنڈیشن کے لیے بچوں کی سب سے زیادہ خواہشات پوری کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔