ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز آج سے راولپنڈی میں شروع ہو رہی ہے، جہاں افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا۔ ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی میں تینوں ٹیموں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کے کپتان شریک ہوئے۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ نئے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ موقع دیا جائے۔ ان کے مطابق اسکواڈ میں موجود آل راؤنڈرز بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ وہ فائنل تک رسائی کے لیے بھرپور محنت کریں گے، جبکہ سری لنکن کپتان دسون شناکا نے اظہار کیا کہ ان کی ٹیم ہر طرح کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے 2 کھلاڑیوں نے بیماری کے سبب سہ ملکی سیریز میں شرکت کے بغیر ہی وطن واپس روانہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان چریتھ اسالنکا اور فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کی وطن واپس جانے کی تصدیق کردی۔