مودی کو قتل اور احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بم دھماکے کی دھمکی

وزیراعظم نریندر مودی، احمد آباد میں واقع ’نریندر مودی اسٹیڈیم فائل فوٹو وزیراعظم نریندر مودی، احمد آباد میں واقع ’نریندر مودی اسٹیڈیم

بھارتی پولیس کو وزیراعظم نریندر مودی اور احمد آباد میں واقع ’نریندر مودی اسٹیڈیم‘ کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکی آمیز ای-میل ایسے وقت میں موصول ہوئی ہے جب بھارت میں آئی سی سی مینز ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز ای-میل بھیجنے والے نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ احمد آباد میں ان کے نام سے منسوب کرکٹ اسٹیڈیم کو بھی اڑانے کی دھمکی دی ہے۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 5 میچز کھیلے جائیں گے، 14 اکتوبر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹاکرا اور 19 نومبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل بھی اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دھمکی آمیز ای میل میں بھارتی حکومت سے 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور مطالبہ قبول نے کیے جانے کی صورت میں یہ انتہائی قدم اٹھانے کی دھمکی دی گئی ہے، بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی اس وقت دہلی کی جیل میں قید ہے۔

دھمکی آمیز ای میل میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ دہشت گرد حملہ کرنے کے لیے لوگ پہلے سے ہی تعینات کیے جا چکے ہیں۔

ای میل میں کہا گیا کہ اگر حکومت ہمیں 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور لارنس بشنوئی کو رہا کرنے میں ناکام رہی تو ہم وزیراعظم نریندر مودی اور نریندر مودی اسٹیڈیم کو بھی اڑا دیں گے۔

دہشتگرد گروپ کی جانب سے کی گئی ای میل میں کہا گیا کہ بھارت میں سب کچھ بکتا ہے اور ہم نے بھی کچھ خریدا ہے، آپ جتنی مرضی سیکیورٹی میں رہیں ہم سے بچ نہیں سکتے، اگر بات کرنا چاہتے ہو تو اس ای میل کے ذریعے رابطہ کرو۔

ممبئی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ دھمکی آمیز ای-میل یورپ سے بھیجی گئی ہے اور اسے ابتدائی طور پر نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو بھیجا گیا تھا، جس کے بعد این آئی اے نے ممبئی پولیس کو اس خطرے سے آگاہ کیا۔

 

install suchtv android app on google app store