بنگلا دیشی نوجوان رہنما عثمان ہادی کے قتل کے بعد ایک اور سیاسی رہنما کو مبینہ طور پر بھارتی دہشت گرد عناصر کی جانب سے نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی جانے لگیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کے سابق میجر نے بنگلا دیشی نوجوان سیاسی رہنما حسنات عبداللہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے براہِ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگلی باری تمہاری ہے‘‘۔
ایک اور ٹویٹ میں سابق بھارتی کرنل نے حسنات عبداللہ کو گردن میں گولی مارنے کی دھمکی بھی دی۔
ذرائع کے مطابق بھارت اپنی خفیہ ایجنسی “را” کے ذریعے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ جس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی زیر سرپرستی دہشت گردی عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ پاکستان متعدد مواقع پر عالمی فورمز پر شواہد کے ساتھ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کر چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان، کینیڈا، امریکا، آسٹریلیا اور بنگلا دیش سمیت دیگر ممالک میں مداخلت اور تخریبی سرگرمیوں نے عالمی امن و سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت میں فروغ پانے والی ہندتوا سوچ کے زیر اثر پرتشدد اور توسیع پسندانہ عزائم نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ حالیہ سڈنی حملے میں بھی بھارتی شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق نے ان خدشات کو مزید تقویت دی ہے۔
علاقائی و عالمی مبصرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی برادری بھارت کی ان سرگرمیوں کا نوٹس لے۔ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔