بارشوں کے باعث ایشیا کپ کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ

بارشوں کے باعث ایشیا کپ کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ فائل فوٹو بارشوں کے باعث ایشیا کپ کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ

ایشیا کپ 2023 ہائبرڈ نظام کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں جاری ہے، گزشتہ روز پاک بھارت میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے کولمبو کا وینیو تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سری لنکا ان دنوں مون سون بارشوں کی زد میں ہے اور دارالحکومت کولمبو میں گزشتہ 5 دنوں سے بارشیں ہو رہی ہیں، یہیں پر ایشیا کپ سپر 4 مرحلے کے تمام میچز اور فائنل کھیلا جانا ہے۔

سپر 4 مرحلے کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا، بارش کے باعث گزشتہ روز پالی کیلے میں ہونے والا پاک بھارت میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ پر شدید تنقید کی جارہی کہ ان کی ضد کی وجہ سے ایشیا کپ کا انعقاد پاکستان یا یو اے ای میں نہ ہوسکا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کولمبو میں شدید بارشوں اور خراب موسم کے باعث کولمبو کا وینیو تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور یہاں ہونے والے میچز دمبولا منتقل کیے جاسکتے ہیں جہاں ان دنوں بارشیں نہیں ہو رہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اے سی سی نے اس حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے ممبر بورڈز کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، اے سی سی آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں اہم فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آسکا۔

install suchtv android app on google app store