ایشیا کپ 2023 جیتنے پر بھارتی ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملی؟

بھارتی ٹیم فائل فوٹو بھارتی ٹیم

بھارت نے سری لنکا کو ایشیا کپ ون ڈے کے فائنل میں یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر ریکارڈ 8 ویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کولمبو میں کھیلے گئے ایشیاکپ کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کا صرف 51 رنز کا ہدف با آسانی 6.1 اوورز میں حاصل کیا اور یوں بھارت 10 وکٹوں سے میچ جیت کر ایشین چیمپئن بن گیا۔

اس فتح پر جہاں بھارتی ٹیم کو ایشیا کپ کی شاندار ٹرافی سے نوازا گیا وہیں کروڑوں روپے کی انعامی رقم بھی دی گئی، انعامی رقم کے حوالے سے اگرچہ فی الحال کوئی باقاعدہ اعلان سامنے نہیں آیا تاہم کرکٹ اور بھارتی میڈیا ویب سائٹ اس حوالے سے دعوے کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک ٹریکر کے مطابق ایشیا کپ 2023 کی فاتح بھارتی ٹیم کو ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر (4 کروڑ 44 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) جب کہ رنر اپ ٹیم کو 75 ہزار ڈالر (2 کروڑ 22 لاکھ سے زائد )کی انعامی رقم سے نوازا گیا۔

ویب سائٹ کے مطابق اسمارٹ کیچ آف دی میچ کے فاتح رویندرا جڈیجا کو 3 ہزار ڈالر(8 لاکھ 89 ہزار سے زائد پاکستانی روپے)، پلیئر آف دی میچ محمد سراج کو 5 ہزار ڈالر(14 لاکھ 82 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) اور پلیئر آف دی سیریز کلدیپ یادیو کو 15 ہزار ڈالر(44 لاکھ 46 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) کی انعامی رقم سے نوازا گیا۔

install suchtv android app on google app store