شکست کی تمام ذمے داری بابر پر ڈالنا درست نہیں: مصباح الحق

مصباح الحق اور بابر اعظم فائل فوٹو مصباح الحق اور بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں ٹیم سے غلطیاں ہوئی ہیں۔ بھارت سے 228 رنز سے شکست صرف کپتان بابر اعظم کی وجہ سے نہیں ہوئی، شکست کی تمام ذمے داری کپتان بابر اعظم پر ڈالنا درست نہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی بری کاکردگی سے ٹیم کو ڈینٹ پڑا ہے، ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم کو اس صورت حال سے نکلنا ہو گا، شکست کی تمام ذمے داری کپتان بابر اعظم پر ڈالنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف 228 رنز سے شکست صرف کپتان کی وجہ سے نہیں ہوئی، آپ کی پوری ٹیم کو شکست ہوئی ہے، غلطیاں ہوئی ہیں لیکن یہی ٹیم بہتر ہے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کسی بھی سطح پر تبدیلی کا یہ وقت مناسب نہیں، جو خامیاں ہیں سب کے سامنے ہیں، ایک بری پرفارمنس پر پینک بٹن نہ دبائیں، یہی شاداب خان تھا جس نے ماضی میں پرفارمنس دی ہے، یہی ٹیم نمبر ون بھی بنی ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ ہمیں اپنی پرفارمنس بہتر کرنی ہے، پاکستان کا اعتماد ضرور خراب ہوا ہے، پاکستان ہمیشہ مشکل حالات سے باہر نکلا ہے، مجھے اُمید ہے یہی ٹیم بہتر کرے گی، ٹیم میں تبدیلی کے حوالے جواب سلیکشن کمیٹی دے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارا اسپن ڈیپارٹمنٹ اُس طریقے سے پرفارم نہیں کر سکا، کھلاڑیوں میں کمی نہیں ہے، بہتری کی گنجائش ہے، ان پلیٸرز نے ماضی میں بھی پرفارم کر کے دکھایا ہے، 100 سال بعد بھی پاکستان ہارے گا تو آپ مجھ پر ڈال دیں گے۔

مصباح الحق نے کہا کہ بھارت کی ٹیم اس وقت بہت اچھی ہے، ورلڈ کپ ایک نیا ایونٹ ہے کنڈیشن مشکل ہو گی، بھارت کی کنڈیشنز پاکستان کو سپورٹ کرے گی، وہاں پاکستانی بیٹنگ کو سپورٹ ملے گی۔

 

install suchtv android app on google app store