کوشش ہوگی ورلڈ کپ میں ایشیا کپ کی غلطیاں نہ دہرائیں: بابر اعظم

بابر اعظم اسکرین گریب بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کوئی لڑائی نہیں، سب کی عزت ایک جیسی ہے اور رہے گی، البتہ کوشش ہوگی ورلڈ کپ میں ایشیا کپ کی غلطی نہ دہرائیں۔

ورلڈ کپ کے لئے بھارت جانے سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ایونٹ کے لئے بھرپور تیاری ہے، کوشش ہے کہ اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ جیت کر لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ہارنے والے میچز سے پہلے ٹیم نمبر ون پر تھی، ان ہی لڑکوں کی محنت سے ہماری ٹیم نمبر ون بنی تھی، کوشش کریں گے ایشیا کپ کی غلطیاں ورلڈ کپ میں نہ دہرائیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے ہمارے پاس 7 سے 8 دن ہیں، ہم پر کوئی دباؤ نہیں کنڈیشن بھی مختلف نہیں، کس کمبی نیشن کے ساتھ جانا ہے یہ فیصلہ میچ کے روز ہوتا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ایشیا کپ کے آخری 2 میچز میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے، کوئی بھی کھلاڑی 100فیصد فٹ نہیں ہوتا ہر دن سیکھتا ہے، البتہ ہم پلاننگ کے تحت میچز کھیلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل ٹیم کی ترتیب کے لئے پلاننگ کرتے ہیں، کرکٹ زیادہ کھیلتے ہیں تو آگاہی بھی ملتی رہتی ہے، گزشتہ ڈھائی ماہ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، کھلاڑیوں کو آرام بھی دیا۔

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت میں کرکٹ کھیلنے کا ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ہمیں فیلڈنگ مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، مڈل اوورز میں وکٹ لینے پر بھی فوکس کریں گے۔

 

install suchtv android app on google app store