زمبابوے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک انتقال کرگئے

ہیتھ اسٹریک فائل فوٹو ہیتھ اسٹریک

زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر ہیتھ اسٹریک 49 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ہیتھ اسٹریک کی اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب فیس بک پر جاری جذباتی پیغام میں لکھا کہ آج 3 ستمبر 2023 بروز اتوار کو میری زندگی کی محبوب ترین ہستی، میرے خوبصورت بچوں کے والد کو فرشتے اس گھر سے لے گئے جہاں وہ اپنی زندگی کے آخری ایام اپنے خاندان اور قریبی عزیزوں کی محبت کے ساتھ گزارنا چاہتے تھے، ہماری ارواح ہمیشہ ایک ساتھ جڑی ہوئی ہیں جب تک کہ میں دوبارہ تم سے ملوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر زمبابوے کرکٹ بورڈ کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ زمبابوے کرکٹ کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی بہت کمی محسوس کی جائے گی، پر سکون رہیں۔

ہیتھ اسٹریک 1990 کی دہائی میں زمبابوے کی ٹیم کا اہم حصہ تھے، انہوں نے 65 ٹیسٹ میں زمبابوے کی نمائندگی کی، انہوں نے 1993 سے 2005 کے درمیان 189 ون ڈے میچ بھی کھیلے، وہ ٹیسٹ میچوں میں 100 اور ایک روزہ میچوں میں 200 سے زیادہ وکٹیں لینے والے ملک کے واحد کھلاڑی تھے۔

ہیتھ اسٹریک ملک کے لیے 1990 رنز بنانے کے ساتھ سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے ساتویں کھلاڑی بھی تھے، وہ 2000 سے زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے زمبابوے کے 16 بلے بازوں میں سے ایک تھے۔

ہیتھ اسٹریک نے 19 سال کی عمر میں اپنے عالمی کیریئر کا آغاز 1993 میں ہیرو کپ سے کیا، انہوں نے اسی سال کراچی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کیپ حاصل کی اور راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے اگلے میچ میں 8 وکٹیں لیں۔

 

install suchtv android app on google app store