قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے لنکا پریمیئر لیگ میں بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن نہ منانے کی وجہ بتادی۔
لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو اسٹرائیکرز کی نمائندگی کرنے والے قومی کپتان بابراعظم کو گزشتہ دن دمبولا اورا کی نمائندگی کرنے والے حسن علی نے آؤٹ کیا لیکن اس کے باوجود انھوں نے وکٹ ملنے پر روایتی انداز سے جشن نہیں منایا۔
وجہ بیان کرتے ہوئے پاکستانی پیسر حسن علی نے کہا کہ میں بابر کی دل سے قدر کرتا ہوں، انھوں نے کہا کہ وہ ہمارے کنگ اور کپتان ہیں، لہذا ان کی عزت ہمیشہ میرے دل میں رہتی ہے اس لیے میں ان کی وکٹ ملنے پر خوشی منانا پسند نہیں کرتا۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ میرے لیے انھیں جلد آؤٹ کرلینا خوش کن ہے، کیونکہ ہم جانتے تھے کہ وہ کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔