پاکستان بار کونسل کے حالیہ انتخابات میں پنجاب کی 11 میں سے 8 نشستوں پر انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار کامیاب رہے ہیں، جبکہ 2 نشستوں پر پروفیشنل گروپ کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
ایک نشست کا حتمی نتیجہ ابھی باقی ہے اوراسے 22 دسمبرکو جاری کیا جائے گا، پروفیشنل گروپ کے سلمان اکرم راجہ اور شفقت چوہان نے ممبر پاکستان بار کونسل کے طور پرکامیابی حاصل کی ہے۔
انڈیپنڈنٹ گروپ کے اعظم نذیر تارڑ، احسن بھون اور مسعود چشتی بھی ممبر منتخب ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ عامر سعید راں، طاہرنصراللہ وارئچ، حفیظ الرحمان، ثاقب اکرم گوندل اورسید قلب حسن بھی پاکستان بارکونسل کے ممبر منتخب ہو گئے ہیں۔
انتخابات کے نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ پنجاب میں انڈیپنڈنٹ گروپ نے پروفیشنل گروپ پر برتری حاصل کی ہے، تاہم پروفیشنل گروپ کے چند امیدواروں نے بھی اپنی مضبوط موجودگی برقرار رکھی ہے۔
پاکستان بار کونسل کے حتمی نتائج اور باقی ایک نشست کا اعلان 22 دسمبر کو کیا جائے گا، جس کے بعد نئی ممبران کی حتمی فہرست مکمل ہو جائے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے انہوں نے خصوصی طور پر احسن بھون اور اعظم نذیر تارڑ کو ممبر پاکستان بار کونسل منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انڈیپنڈنٹ گروپ پراعتماد آئین و قانون کی بالادستی کے لیے سنجیدہ قیادت کی خواہش کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ہمیشہ وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور ان کی قیادت میں وکلاء کی فلاح و بہبود مزید بہتر ہوگی۔