پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبے بھر میں شہریوں کو موصول ہونے والے جعلی ای چالان ایس ایم ایس پیغامات کے حوالے سے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق حالیہ دنوں میں اس قسم کے فراڈ میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں شہریوں کو مشکوک لنکس بھیج کر رقم بٹورنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ترجمان سیف سٹی نے واضح کیا کہ اتھارٹی کبھی بھی ایس ایم ایس کے ذریعے شہریوں سے نقد رقم، بینک اکاؤنٹ یا دیگر مالی تفصیلات طلب نہیں کرتی۔
اصل ای چالان پیغامات صرف حکومتِ پنجاب کے سرکاری نمبر 8070 سے ہی بھیجے جاتے ہیں اور ان میں ہمیشہ وقت، مقام اور خلاف ورزی کی مکمل تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق فراڈی عناصر جھوٹے پیغامات اور جعلی لنکس کے ذریعے لوگوں کو بہلا کر ادائیگی کرانے کی کوشش کرتے ہیں لہٰذا شہری کسی بھی مشکوک ایس ایم ایس، ویب سائٹ یا غیر سرکاری لنک کے ذریعے ادائیگی سے گریز کریں،
انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کی تمام خدمات شہریوں کے لیے مکمل طور پر مفت ہیں۔ اتھارٹی نے مزید ہدایت کی کہ اگر کسی شہری کو کوئی مشکوک یا جعلی پیغام موصول ہو تو فوراً پولیس ہیلپ لائن 15 یا ایف آئی اے سائبر ونگ سے رابطہ کریں۔
وزیراعظم ترجمان نے کہا کہ سیف سٹی کے نام پر فراڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔