الیکشن سے پہلے نواز شریف کی سزائیں ختم اور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے: مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز فائل فوٹو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن ضرور ہوں گے لیکن پہلے بے گناہ نواز شریف کو ہونے والی غلط سزائیں ختم ہوں گی اور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انتخابات ضرور ہوں گے لیکن پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کیے جائیں گے، پہلے نواز شریف سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ الیکشن ضرور ہوگا لیکن پہلے بے گناہ نواز شریف کو ہونے والی غلط سزائیں ختم ہوں گی اور عمران کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اگر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کیے گے معاہدے کی پاسداری نہ کرتی تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا۔

مریم نواز نے کہا کہ جس طرح چاند کو گرہن لگتا ہے اسی طرح پاکستان کو بھی پانامہ بینچ لگ گیا، ایک بینچ بن گیا جس کا نام پانامہ بینچ تھا جس کے اندر بدنامہ زمانہ پانچ ججز شامل تھے، جب وہ پانامہ بینچ رہا، نہ پاکستان کی عزت رہی اور نہ ہی غریب کی روٹی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف برا لگتا تھا تو اس سے انتقام لیتے لیکن غریب کا چولھا کیوں بجھا دیا، نواز شریف کے بعد سے نہ مہنگائی، نہ معیشت، نہ روپیہ اور نہ ہی پاکستان سنبھل رہا ہے، پانامہ بینچ والوں جواب دو، پانامہ بینچ بنانے والے جنرل رٹائرڈ فیض حمید جواب دو، جواب دو کہ نواز شریف کی دشمنی میں پاکستان کے ساتھ اتنا بڑا ظلم کیوں کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر آج مہنگائی ہے اور ملک غروی پڑا ہے تو اس کے ذمہ دار پانامہ بینچ اور اس کو بنانے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران کو لانے والے جانتے تھے کہ وہ نااہل ترین اور نالائق ترین انسان ہے جس کے پاس نہ کردار تھا نہ کارکردگی۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس دو راستے تھے، ایک یہ کہ عمران نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جو معاہدہ کیا اور جاتے جاتے وہ معاہدہ پھاڑ کرگیا تو مسلم لیگ (ن) بھی اس معاہدے کی پاسداری نہ کرتی اور پاکستان دیوالیہ ہوجاتا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کو وقتی طور پر نقصان ضرور ہوا لیکن اس نے پاکستان کو سری لنکا بنانے سے بچا لیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اکامہ میں سزا دی گئی اور جس کے ہاتھ چوری کی دولت میں ڈوبے ہوئے ہیں اس کو عدالتیں نہیں بلا سکتیں، اس کو آج بھی جنرل (ر) فیض حمید کی باقیات بچا رہی ہے جو چکوال سے بیٹھ کر تانے بانے جوڑ رہا ہے اور ڈیم والا بابا آج بھی جوڈیشری میں لگائے گئے مہروں سے کام لے رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پہلے اس (عمران خان) کی بھی عدالت کے سامنے دو سو پیشیاں پوری ہوں گی پھر الیکشن ہوگا، عمران خان آنکھیں کھول کر دیکھو جنہوں نے تمہیں کندھوں پر بٹھا کر اقتدار میں پہنچایا وہ اسٹیبلشمنٹ اب گھر جاچکی ہے اور جن ججز کے کندھوں پر چڑھ کر آنے کی تیاری کر رہے ہو وہ کندھے بھی نہیں رہیں گے۔

install suchtv android app on google app store