قبائلی اضلاع کی 16 نشستوں کے مکمل نتائج کا اعلان، جانیے کون ہوا ناکام اور کس نے مارا میدان

 قبائلی اضلاع کے الیکشن نتائج فائل فوٹو قبائلی اضلاع کے الیکشن نتائج

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی 16 نشستوں پر ہفتہ کے روز ہونے والے الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔

قبائلی علاقہ جات میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کیلئے ہونے والے انتخابات میں آزاد امیدواروں نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ تحریک انصاف نے 5 اور جمعیت علماءاسلام ف نے 3 نشستوں ، جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی یہاں مکمل طور پر ناکام ہوگئیں اور کوئی بھی نشست حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ۔۔۔

پی کے 100 باجوڑ 1

یہاں وفاق اور صوبے کی حکمران جماعت کے امیدوار انور زیب خان 12 ہزار 951 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ جماعت اسلامی کے وحید گل 11 ہزار 775 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 101 باجوڑ 2

اس حلقے سے بھی کامیابی تحریک انصاف کے حصے میں آئی، یہاں حکمران جماعت کے اجمل خان 12 ہزار 194 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ ہارون الرشید 10 ہزار 468 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 102 باجوڑ 3

جماعت اسلامی کے گڑھ سمجھے جانے والے باجوڑ سے جماعت کے حصے میں صرف یہ ایک نشست آئی ۔ یہاں جماعت اسلامی کے سراج الدین 19 ہزار 88 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جبکہ پی ٹی آئی کے حمید الرحمان 13 ہزار 436 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 103 مہند 1

2008 سے 2013 تک خیبر پختونخوا پر حکومت کرنے والی عوامی نیشنل پارٹی کے حصے میں صرف اسی حلقے سے کامیابی آئی ۔ یہاں اے این پی کے نثار احمد 11 ہزار 247 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے رحیم شاہ 9 ہزار669 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 104 مہمند 2

آزاد امیدوار عباس الرحمان 11 ہزار 751 ووٹ لیکر کامیاب رہے جب کہ جے یو آئی ( ف ) کے محمد عارف 9 ہزار 801 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 105 خیبر 1

یہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کا حلقہ ہے لیکن یہاں صوبائی نشست پر آزاد امیدوار شفیق آفریدی 19 ہزار 733 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ آزاد امیدوار شیرمت خان 10 ہزار 745 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 106 خیبر 2

اس حلقے سے آزاد امیدوار بلاول آفریدی 12 ہزار 814 ووٹ لے کر فاتح ٹھہرے جبکہ آزاد امیداور خان شید آفریدی 6 ہزار 297 ووٹ لے کر دوسرے نمبر آئے۔

پی کے 107 خیبر 3

یہاں بھی کامیابی آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔ آزاد امیدوار محمد شفیق نے9 ہزار 796 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی تو آزاد امیدوار حمید اللہ جان آفریدی 8 ہزار 428 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 108 کرم 1

قبائلی اضلاع کی یہ نشست مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی کے حصے میں آئی ہے۔ یہاں سے جے یوآئی ف کے محمد ریاض 11 ہزار 948 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار جمیل خان 11 ہزار517 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 109 کرم 2

پی ٹی آئی کے سید اقبال میاں 39 ہزار 536 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار عنایت علی 22 ہزار 975 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 110 اورکزئی

آزاد امیدوار سید غازی جمال 18 ہزار 448 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ پی ٹی آئی کے شعیب حسن 14 ہزار 699 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔

پی کے 111 شمالی وزیرستان 1

پاکستان تحریک انصاف کے محمد اقبال خان 10 ہزار 200 ووٹ لیکر کامیاب رہے جب کہ جمعیت علماءاسلام ف کے سمیع الدین 9 ہزار 228 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔

پی کے 112 شمالی وزیرستان 2

پی کے 112 شمالی وزیرستان 2 سے آزاد امیدوار میر کلام خان 12 ہزار 57 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور جمعیت علماءاسلام (ف) کے صدیق اللہ 7 ہزار 978 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 113 جنوبی وزیرستان1

یہ نشست بھی جے یو آئی کے حصے میں آئی اور اس کے امیدوار حافظ عصام الدین نے 10 ہزار 356 ووٹوں کے ساتھ کامیابی اپنے نام کی جبکہ آزاد امیدوار وحید زمان 9 ہزار 679 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 114 جنوبی وزیرستان 2

تحریک انصاف کے نصیراللہ خان 11 ہزار 114 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ آزاد امیدوار محمد عارف 10 ہزار 272 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔

پی کے 115 سابقہ فرنٹیئر ریجنز

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق یہاں بھی جمعیت علماءاسلام ف کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی ۔ پی کے 115 میں جے یو آئی کے محمد شعیب 18 ہزار 102 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پی ٹی آئی کے عباد الرحمان 17 ہزار 28 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

install suchtv android app on google app store