سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، چار دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، چار دہشت گرد ہلاک فائل فوٹو سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، چار دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 17 اور 18 نومبر کے درمیان متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مارے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ میں ایک آپریشن کیا، کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی دہشتگرد مارا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقوں اسپین وام اور ذاکر خیل میں کیے گئے آپریشنز میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ایک اور دہشت گرد ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ہلاک ہوا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی حمایت یافتہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی آپریشنز پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گی۔

install suchtv android app on google app store