گورنر ہاؤس پشاور میں خیبر پختونخوا کابینہ کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی کابینہ کے 10 ارکان نے بطور صوبائی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نو منتخب وزراء سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، مختلف محکموں کے سربراہان، سیاسی و سماجی شخصیات اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
کابینہ کے ارکان بطور صوبائی وزیر حلف اٹھانے والوں میں مینا خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم آفریدی، فضل شکور خان، خلیق الرحمٰن، ریاض خان، سید فخر جہاں، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے تمام وزراء کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزراء عوامی خدمت کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ نئی کابینہ میں پرانے چہرے بھی شامل خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کئی دنوں کی مشاورت کے بعد اپنی 13 رکنی کابینہ تشکیل دی ہے۔
نئی کابینہ میں کچھ پرانے چہروں کے ساتھ وہ دو وزراء بھی شامل کیے گئے ہیں جنہیں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے آخری ایام میں کابینہ سے برطرف کیا تھا۔