آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کی تقریبِ حلف برداری آج ایوانِ صدر مظفرآباد میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں شرکت کے لیے پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور مظفرآباد پہنچ چکی ہیں، جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کے بھی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوئی تھی۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار اور سابق کابینہ رکن فیصل ممتاز راٹھور کو وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب میں 36 ووٹ ملے، جبکہ مخالفت میں صرف 2 ووٹ ڈالے گئے۔
پیپلز پارٹی نے عدم اعتماد کیلئے 38 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا تھا۔
ایوان سے آخری خطاب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے ایک شخص ہی آئین اور انتظامی ڈھانچےکی تباہی کاذمہ دار ہو ،کیا ان کی کابینہ کے ممبران اس کے ذمہ دارنہیں، یہ سیاسی نظام تب ہی بچے گا جب ہماری سرحدیں محفوظ ہوں گی ، پاکستان کی مسلح افواج موجود نہ ہوں تو کچھ بھی باقی نہیں بچے گا۔
نئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے ایوان سے خطاب میں ایکشن کمیٹی کو حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کچھ معاملات جینوئن اور کچھ خواہشات ہیں۔