اپوزیشن کی تحریک چلنے سے پہلے ہی ختم ہورہی ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری فائل فوٹو وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن کے گرینڈ الائنس کی قیادت مولانا فضل الرحمان کے پاس ہے، پیپلز پارٹی کاکارکن بُرامنا رہا ہوگا کہ اُن کی جماعت فضل الرحمان کی قیادت میں آگے چلے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک چلنے سے پہلے ہی ختم ہورہی ہے، بینظیر بھٹو شہید کی پارٹی کو مولانا فضل الرحمان کے نیچے کام کرنا پڑ رہاہے، آج پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو شدت پسندوں اور مدرسے کے بچوں کا سہارا لینا پڑا ہے۔

فواد چوہدری کاکہنا تھاکہ ن لیگ اور بلاول کو مشورہ دیا تھا کہ اپنے جلسے میرج ہالز میں کرلیاکریں، اُن کی حاضری اتنی ہی ہے، اپوزیشن صرف ملک کی بنیادیں ہلانا چاہتی ہے، اگر عمران خان یقین دلادیں کہ احتساب پر زور نہيں دیں گے تو یہ سب اپنی پرانی تنخواہ پر کام کرنے لگ جائيں گے۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھاکہ نوازشریف اربوں روپے عوام کے لےکر باہر چلے گئے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ پیسے واپس کریں یا اپنی جیل کی سزا پوری کریں، نوازشریف جتنا بولیں گے اتنا خود کو بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو شاہدخاقان عباسی نے جہاز میں بٹھاکر فرارکروایا، یہ چاہتے ہیں قوم کے بچے نکلیں سڑکوں پر اور ہمارے بچے باہر نا نکلیں، ابو بچاؤ مہم کی طرح انتشار مہم بھی ناکام ہوگی۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی 11 جماعتوں نے حکومت کے خلاف تحریک کے لیے ’پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ‘ اتحاد تشکیل دیا ہے جس کے سربراہ جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store