مصطفیٰ کمال نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے نئے بلدیاتی نظام کو خوش آئند قرار دیا

مصطفیٰ کمال فائل فوٹو مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں پیش ہونے والے نئے بلدیاتی نظام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی کا پہلے روز سے مطالبہ ہے کہ ملک بھر میں مضبوط بلدیاتی نظام متعارف کرایا جائے اور عوام کو میئر کے انتخاب کا براہِ راست اختیار دیا جائے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، شہریوں کے ٹیکسز کی وصولی کا اختیار بھی بلدیاتی نمائندوں کے پاس ہونا چاہیے۔ پی ایس پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم روز اول سے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ چھوٹے انتظامی یونٹس سے ہی عوام کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جاسکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک اور حکومت کو مضبوط کرنے کی تجاویز ہمیشہ ہی پیش کیں مگر حکمراں اسے تنقید سمجھتے رہے، جب میئر کے پاس سرکاری عہدوں پر تعینات افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ کا اختیار ہوگا تب ہی اداروں میں قابلِ اعتماد افسران آسکیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام کا احساسِ محرومی بڑھ رہا ہے لہذا یہاں پر بھی نیا بلدیاتی نظام متعارف کرایا جائے، قومی اسمبلی میں تمام صوبوں کی برابر کی نمائندگی دی جائے تاکہ حکومت تمام صوبوں پر یکساں توجہ دے اور ملک حقیقی ترقی کی جانب گامزن ہو۔

install suchtv android app on google app store