وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امدادی پیکج کی تقسم کے اعلان کے ساتھ صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف چھاپوں کا اعلان کردیا۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گودام مالکان کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رجسٹر ہونے کی ہدایت کی اور کہا کہ جو گودام رجسٹر نہیں ہوں گے ان پر چھاپے مارے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رمضان میں کم وقت رہ گیا ہے، رمضان پیکج سے متعلق اچھے اقدامات ہوئے ہیں، اپنی پہلی تقریر میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل شروع کردی ہیں، نوازشریف نے مکمل رہنمائی کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں اب پنجاب کی عوام کو قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا، غریب عوام کا حق ان کی دہلیز تک پہنچائیں گے، پنجاب کے تمام محکموں نے ٹاسک مکمل ہونے تک مکمل سپورٹ کیا، قلیل مدت میں مؤثر انداز میں پروگرام تیار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ رمضان نگہبان پیکج سے پنجاب کے ساڑھے 3 کروڑ لوگ مستفید ہوں گے، پنجاب حکومت نے مہینوں اور ہفتوں کا کام کچھ دنوں میں مکمل کیا، بدقسمتی سے پنجاب کے مستحق افراد کا کوئی ڈیٹا موجود نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ رمضان پیکج کے تقریبا 96 ہزار کے قریب راشن بیگ تقسیم ہوچکے ہیں، پیکج میں 10 کلوآٹا، 2 کلوچینی، 2 کلو گھی، 2 کلو چاول اور 2 کلو بیسن شامل ہیں، تمام چیزیں اعلیٰ معیار کی شامل کی گئی ہیں، ہم نے اب تک غیرمعیاری چیزیں فراہم کرنےوالی چارملوں کو سیل کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اس سے پہلے کبھی کسی حکومت نے ہوم دیلیوری کی سہولت فراہم نہیں کی، ہم نے مکمل ڈیلیوری نظام ترتیب دیا ہے، کیو آر کوڈ سے پتہ چلے گا کہ بیگ کہا دیا گیا ہے، 65 لاکھ تھیلے کیو آر کوڈ کے ساتھ فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ رمضان پیکج میں خورد برد برتنے والوں سے سختی سے نمٹا جائےگا، سی ایم مریم نواز کے نام سے ہیلپ لائن قائم کردی ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔