محمد طفیل کی محنت رنگ لائی: 18 دنوں میں ڈرائیونگ سیکھ کر سعودی عرب روانہ

محمد طفیل فائل فوٹو محمد طفیل

اسلام آباد ایئرپورٹ پر ڈرائیونگ ویزے پر سعودی عرب جاتے ہوئے لائسنس نہ ہونے پر آف لوڈ ہونے والا نوجوان محمد طفیل اب سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔

نوجوان نے محض 18 دن میں گاڑی چلانا سیکھ کر ڈرائیونگ لائسنس حاصل بھی کرلیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوجوان سے دستاویزات مکمل کرنے پر سعودی عرب بھیجنے کا وعدہ کیا تھا۔

اسلام آباد ایئر پورٹ پر دستاویزات مکمل نہ ہونے کے باعث ایف آئی اے کی جانب سے آف لوڈ ہونے والا نوجوان محمد طفیل سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے نوجوان کو دستاویزات مکمل کرنے پر سعودی عرب بھیجنے کا وعدہ کیا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر محمد طفیل کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں محمد طفیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تمام ضروری دستاویزات مکمل کرلی ہیں۔

محمد طفیل کے مطابق انہیں ڈرائیونگ ویزے پر سعودی عرب جاتے ہوئے لائسنس نہ ہونے پر روکا گیا تھا۔ نوجوان کا کہنا تھا کہ اب اس نے ڈرائیونگ سیکھ لی ہے اور لائسنس بھی بنوا لیا ہے۔

محمد طفیل نے مزید بتایا کہ انہیں ٹکٹ بھی محسن نقوی نے خرید کر دیا ہے اور دستاویزات مکمل ہوجانے پر وہ سعودی عرب روانہ ہورہا ہے، جس پر نوجوان نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اسلام آباد ایئرپورٹ کے دورے کے موقع پر ان کی محمد طفیل کے ساتھ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

وزیر داخلہ نے نوجوان سے استفسار کیا تو اس نے بتایا تھا کہ وہ ڈرائیونگ ویزے پر سعودی عرب جارہا ہے تاہم اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہی موجود نہیں تھا۔ جس کے بعد اسے گاڑی چلانے کو کہا گیا تو وہ ڈرائیونگ کی بنیادی مہارتوں سے بھی بے خبر نکلا۔


جس کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی نے محمد طفیل سے وعدہ کیا کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس بنوالے تو اسے سعودی عرب روانہ کر دیا جائے گا۔ جس کے بعد اب محسن نقوی نے محمد طفیل کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ اس نے دستاویزات مکمل کرلی ہیں اور سعودی عرب روانہ ہورہا ہے۔

install suchtv android app on google app store