حکومت سے مذاکرات کامیاب: گڈ ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا

حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے فائل فوٹو حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے

کراچی میں حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ آل پاکستان ٹرانسپورٹ الائنس کی جانب سے دیا گیا 10 روزہ ملک گیر احتجاج حکومت کے ساتھ کامیاب تحریری معاہدے کے بعد ختم کر دیا گیا۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے احتجاج کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق سندھ، پنجاب اور وفاقی حکومت سے تحریری مذاکرات مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت، مذاکراتی کمیٹی اور ٹرانسپورٹر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

ٹرانسپورٹر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کے ذریعے حکومت کو مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کیا گیا اور یہ کامیابی ٹرانسپورٹر برادری کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔

پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ آرڈیننس پر مشاورت نہ ہونے کو حکومتی کوتاہی قرار دیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کے چالان پنجاب میں تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے، ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے طریقۂ کار کو آسان بنایا جائے گا، ہر ڈویژن میں ٹرک اسٹینڈز قائم کیے جائیں گے اور ڈرائیورز کے خلاف درج مقدمات ختم کیے جائیں گے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی ہمیشہ ٹرانسپورٹر برادری کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرتی ہیں۔ انہوں نے ناردرن بائی پاس پر 350 ایکڑ اراضی ٹرک پارکنگ کے لیے مختص کرنے اور شہر میں درج ایف آئی آرز کے معاملات میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

حکومتی اعلانات اور تحریری معاہدے کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا اور ملک بھر میں معمولاتِ زندگی بتدریج بحال ہونا شروع ہو گئے۔

قبل ازیں میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کے لیے مائی کولاچی روڈ گلبائی ٹرک اڈے پر ہڑتالی کمیپ پہنچے تھے۔

اس موقع پر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم 10 دن سے یہاں موجود ہیں، پر امن طور پر ہم نے ملک گیر احتجاج ریکارڈ کرایا، ٹرانسپورٹرز نے پورے ملک میں کسی سڑک کو بلاک کرنے نہیں دیا، مئیر کراچی ہمارے درمیان موجود ہیں، ہم سندھ حکومت سے بھی اپنے جائز مطالبات کے لیے لڑتے ہیں کچھ لوگوں نے کہا ملک شہزاد اعوان پر سندھ حکومت کا ہاتھ ہے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں اگر کسی جگہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوتی ہے ہم اس کی آواز اٹھاتے ہیں ہمارا آپ سے یہی وعدہ تھا کہ تحریری طور پر جب تک پنجاب اور وفاقی حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرتی احتجاج جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال 10 روز سے جاری تھی، جس کے باعث ٹراسپورٹ بند ہونے سے کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر رہیں۔

ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث قومی سپلائی چین مفلوج ہوگئی، برآمد کنندگان کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، تمام بڑی بندرگاہوں پر آپریشنز مکمل طور پر بند رہا، جس کے باعث ہزاروں کنٹینرز بندرگاہوں پر پھنسے رہے۔

گزشتہ روز بھی کراچی میں وفاقی اور پنجاب حکومت کی مذاکراتی کمیٹی پورٹ اینڈ شیپنگ حکام، آئی جی موٹروے، چیئرمین این ایچ اے، ممبر کسٹم ایف بی آر، چئیرمین کے پی ٹی، چیف کلیکٹر کسٹم اور کسٹم کلیکٹر کراچی کے ساتھ مذکرات ناکام رہے۔

ٹرانسپورٹرز کے پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب

دوسری جانب بدھ کو لاہور میں ٹرانسپورٹرز اور پنجاب حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئےہیں، جن میں کمرشل گاڑیوں کے جرمانوں، گاڑیوں کی لمبائی اور بس روٹس سے متعلق اہم فیصلوں پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹرز اور حکومت پنجاب کے درمیان مذاکرات کے بعد کمرشل گاڑیوں پر عائد جرمانے میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مذاکرات کے نتیجے میں کمرشل گاڑیوں کا جرمانہ 15000 روپے سے کم کر کے 4000 روپے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مزدا گاڑیوں کی لمبائی سے متعلق بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مزدا گاڑیوں کی لمبائی 20 فٹ کے بجائے 38 فٹ رکھنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اسی طرح بسوں کے روٹس کے دورانیے میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، بس روٹ کا دورانیہ ایک سال کے بجائے 2 سال کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مذاکرات میں طے پانے والے فیصلوں کو ٹرانسپورٹرز نے خوش آئند قرار دیا ہے جب کہ ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ 12 دسمبر کو پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعدگڈز ٹرانسپورٹرز نے پنجاب میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

مذاکرات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی کی سربراہی پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے سپرد کی گئی تھی جب کہ ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا تھا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹرانسپورٹرز کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے، حکومت کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے حالات بہتر بنانا ہے۔

install suchtv android app on google app store