پاکستان کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کا رکن منتخب ہو گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو دی ہیگ میں کانفرنس آف اسٹیٹس پارٹیز کے 30 ویں اجلاس کے دوران 2026–2028 کی مدت کے لیے دوبارہ رکن منتخب کیا گیا۔
کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری، پیداوار، ذخیرہ اندوزی اور تلفی پر پابندی سے متعلق کنونشن کے 193 رکن ممالک ہیں ، آرگنائزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنز دنیا کا سب سے کامیاب تخفیفِ اسلحہ معاہدہ ہے۔
ترجمان کے مطابق تنظیم نے مکمل طور پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے کیمیائی ہتھیاروں کی پوری کلاس کا خاتمہ کیا ،ایگزیکٹو کونسل کنونشن کے مؤثر نفاذ اور اس کی پاسداری کی نگرانی کی ذمہ دار ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایگزیکٹو کونسلرکن ممالک کو سائنسی و معاشی ترقی کے لیے معاونت بھی فراہم کرتی ہے ،پاکستان 1997 میں سی ڈبلیو سی کی توثیق کے بعد سے ایگزیکٹو کونسل میں خدمات انجام دیتا آیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے کنونشن کے مقاصد کی تکمیل میں ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا، پاکستان متعلقہ تنصیبات پر او پی سی ڈبلیو کے معمول کے معائنے باقاعدگی سے کراتا ہے۔