دفتر خارجہ نے عام شہریوں کو دبئی کے ویزا نہ ملنے سے متعلق سینیٹ کمیٹی میں وزارت داخلہ کی بریفنگ کو پرانا ریکارڈ قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے آج خارجہ آفس میں صحافیوں کو بریفنگ دی۔
دبئی کے ویزا کی پاکستانیوں کے لیے بندش کے سوال پر انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ویزوں پر کوئی نئی پابندی عائد نہیں کی گئی، یو اے ای میں پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے بھی ویزوں پر پابندی کی تردید کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر انداربی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کو شاید پرانے ریکارڈ کی بنیاد پر بریفنگ دی گئی، یو اے ای نے پاکستان کے حوالے سے کوئی نئی پابندی نہیں لگائی۔
واضح رہے کہ کل سینیٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں خود وزارت داخلہ نے کمیٹی کو بریفنگ دی تھی کہ یو اے ای کی جانب سے عام شہریوں کو ویزا جاری نہیں کیے جارہے، بریفنگ میں اعتراف کیا گیا کہ پاکستانیوں پر ویزا کی پابندی لگتے لگتے رہ گئی تاہم ویزا اب بھی جاری نہیں ہورہے۔
دوسری جانب یو اے ای کے سفیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانیوں کو یومیہ 500 ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔