وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ آذربائیجان کی فتح خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے مظلوم لوگوں خصوصاً بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے لیے ایک اُمید کی کرن ہے۔ وہ آج(جمعہ) کو باکو میں آذربائیجان کے صدارتی محل میں صدرIlham Aliyev سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجودتھے۔
وزیر اعظم نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یوم فتح پر مبارکباد دی جو آرمینیا کے خلاف کاراباخ کی آزادی کی 44 روزہ جنگ میں تاریخی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
انہوں نے اس سال کے شروع میں آرمینیا کے ساتھ تاریخی امن معاہدے پر دستخط کرنے پر صدر Aliyev کو سراہا۔ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور سیاسی، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، روابط اور دفاع کے شعبوں میں اپنے کثیر الجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدرIlham Aliyev کو اپنی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے خوش اسلوبی سے قبول کر لیا۔
اس موقع پرصدرIlham Aliyevنے قرہ باغ کے علاقے پر غیر قانونی قبضے کے خلاف منصفانہ جدوجہد میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔