وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج (ہفتہ ) کو باکو میں یوم فتح کی پریڈ کے موقع پر صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے ترکیہ کے یوم جمہوریہ کے موقع پر صدر ایردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو تہنیتی مبارکباد پیش کی اور پاکستان-ترکیہ دوستی کے ایک طویل پرجوش تقریبات کو سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہیں۔
وزیراعظم نے ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے روابط پر مشتمل ایک وسیع شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ اس حوالے سے یہ طے پایا کہ ترکیہ کا ایک وزارتی وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تشویش کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور خطے اور وسیع تر مسلم دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔