مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو منانے کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے۔ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے اور ان سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ اسحاق ڈار، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کا استقبال کیا۔ ان کی جانب سے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی، رکن قومی اسمبلی عبدالغفورحیدری اور نور عالم خان بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے مابین ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جو کہ ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں سیاسی معاملات پر بات چیت ہوئی جس کے بعد دونوں رہنما خوشگوار موڈ میں واپس آئے۔
دریں اثنا ملاقات کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات بہت اچھی رہی، مولانا فضل الرحمان سے ہمیشہ رہنمائی ملتی رہی ہے ہم نے پی ٹی آئی کے دورمیں بڑا سخت وقت گزارا ہے، مولانا ہمارے ساتھ بہت شفیق ہیں ان کی ہم سے کوئی ناراضی نہیں ہے۔
انہوں ںے کہا کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات اچھی رہی، دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں تمام قومی معاملات زیر غور لائے گئے، مولانا فضل الرحمان نے اپنے موقف سے آگاہ کیا۔
انہوں ںے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے رہنما ہیں ہم نے سخت وقت گزارا ہے ہمیں مولانا فضل الرحمان سے ہمیشہ رہنمائی ملتی رہی ہے ہماری کوشش ہے وہ ہمارے ساتھ رہیں ہم چاہتے ہیں مولانا فضل الرحمان کی رہنمائی موثر رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف مولانا فضل الرحمان سے ووٹ مانگنے کی نیت سے نہیں آئے بلکہ ملک کو درپیش سیاسی صورتحال پر بات ہوئی ہے، ون آن ون ملاقات میں پاکستان کی بہتری کے لئے کسی نتیجے پر پہنچیں ہوں گے، جو احترام میاں نواز شریف کی نظر میں اور مولانا کی نظر میں نواز شریف کا ہے وہ مثالی ہے ہمیشہ ایک دونوں نے ایک دوسرے کی بات مانی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ محمود خان اچکزائی ایک معتبر اور محب وطن سیاست دان ہیں ہم محمود خان اچکزائی کو بھی ساتھ جوڑیں گے۔