وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کل ہونے والا ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ایک ریفرنڈم تھا، پنجاب اور خیبرپختونخوا نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا۔
لاہور میں وزرا اور سیکریٹریز کے اجلاس سے خطاب کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ مصنوعی طریقے سے پیدا جھوٹا بیانیہ پاش پاش ہوگیا، جھوٹے بیانیے سے ملک میں تنزلی آئی جب کہ پرفامرنس سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پنجاب اورخیبرپختونخواکے عوام نے ن لیگ کے حق میں فیصلہ کیا، یہ ضمنی الیکشن نہیں بلکہ ایک ریفرنڈم تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب میں ن لیگ کو تاریخی کامیابی ملی، 2024 میں ہاری ہوئی نشستیں (ن) لیگ نے دوبارہ جیتیں، الیکشن بیانیوں سے نہیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیتا۔
انہوں نے کہا کہ عمراندار ججز نہ ہونے سے الیکشن میں اصلیت کھل کر سامنے آگئی، الیکشن کا بائیکاٹ صرف ہار کے ڈر سے کیا جاتا ہے، الیکشن کا بائیکاٹ کرکے بھی پی ٹی آئی نے امیدوار کھڑےکئے۔
ان کا کہنا تھا کہ قیدی نمبر 804 کی تصویر کے ساتھ انتخابی مہم چلائی گئی، مسلم لیگ (ن)پر بھی کڑا وقت آیا لیکن ہم نے بائیکاٹ نہیں کیا، ہم نے جیل کاٹی لیکن الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔
مزید کہا کہ ایک حدتک جھوٹ بولاجاسکتا ہےاس کےبعد بیانیہ ختم ہوجاتا ہے، الیکشن میں تحریک انصاف کے دعوے زمین بوس ہوگئے، خیبرپختونخوا میں کرپشن کے ڈھیرے لگ گئے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج پنجاب کے ہر شہر میں گرین بسیں چل رہی ہیں، پنجاب کے کونے کونے میں صفائی ستھرائی کا کام کیا جارہا ہے، پنجاب کے ہسپتالوں میں مفت ادویات مل رہی ہیں، خیبرپختونخوا سے لوگ علاج کے لیے پنجاب آتے ہیں۔