سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

چیئرمین پی ٹی آئی  عمران خان اور شاہ محمود قریشی فائل فوٹو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی

آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں شاہ محمود کے وکیل علی بخاری اور خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار دیے جانے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں یہ کیس کی پہلی سماعت تھی۔

سماعت کے آغاز پر عدالت نے پوچھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کدھر ہے؟ اس پر عدالتی عملے نے سائفرکیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی جج کو دی۔

دوران سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے وکیل علی بخاری سے مکالمہ کیا کہ بخاری صاحب آپ کے لیے تو بڑی کامیابی ہوئی ہے، اس پر علی بخاری نے کہا کہ ہم تو پہلے دن سے یہی کہہ رہے تھے۔

بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

واضح رہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے ٹرائل کالعدم قرار دیا۔

install suchtv android app on google app store