چہلم امام حسینؑ: ملک بھر میں مجالس و جلوس عزا کا سلسلہ جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

چہلم امام حسینؑ: ملک بھر میں مجالس و جلوس عزا کا سلسلہ جاری فائل فوٹو چہلم امام حسینؑ: ملک بھر میں مجالس و جلوس عزا کا سلسلہ جاری

نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کے چہلم پر ملک کے مختلف شہروں میں آج جلوس برآمد ہوں گے، مجالسِ عزا منعقد ہوں گی۔

کراچی میں چہلمِ امام حسینؑ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا جس سے قبل مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہو گی۔ مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہو گا۔

شہرِ قائد میں چہلمِ امام حسینؑ کے جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں چہلم کے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار 422 افسران و جوان تعینات ہیں۔

اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اسنائپرز مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات ہیں۔ جلوس کی گزرگاہ اور اطراف میں 850 ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

پولیس کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ عوام اپنے ارد گرد کسی بھی مشکوک اور غیر معمولی شخص یا چیز کی اطلاع 15 پر دیں۔

کراچی، چہلم کے موقع پر ٹریفک پلان

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مارٹن روڈ سے آنے والا جلوس نشتر پارک میں مرکزی جلوس میں ضم ہو گا۔

جلوس کے لیے راستے بند ہونے کے باعث ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ آنے والا ٹریفک لسبیلہ چوک سے گارڈن کی سمت جائے گا، لیاقت آباد سے ایم اے جناح روڈ آنے والا ٹریفک تین ہٹی چوک سے جیل روڈ کی طرف جائے گا۔

اسٹیڈیم روڈ سے آنے والے ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت ہو گی، سپر ہائی وے سے آنے والا ٹریفک لیاقت آباد 10 نمبر سے ناظم آباد چورنگی 2 نمبر جا سکے گا، ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

گورنر سندھ کی ہدایات

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبے بھر میں چہلمِ امام حسینؑ کی مجالس کے لیے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے جائیں، منتظمین کے تعاون سے جلوسوں کے پُر امن اختتام کو بھی یقینی بنایا جائے۔

لاہور: چہلم کا مرکزی جلوس برآمد

دوسری جانب لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؑ کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گیا۔ جلوس اندرونِ موچی دروازہ سے سنہری مسجد، رنگ محل، ترنم چوک اور بھاٹی دروازے سے گزرے گا۔

جلوس کے شرکاء دوپہر رنگ محل چوک میں نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔ جلوس اپنے روایتی راستے سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا۔

راولپنڈی: چہلم پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات

راولپنڈی میں چہلمِ حضرت امام حسینؑ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے راولپنڈی پولیس کے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوسوں کی سیکیورٹی کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لیاقت چٹھہ، آر پی او خرم علی، ڈی سی، سی پی او راولپنڈی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے۔

کوئٹہ میں 2 جلوس برآمد ہوں گے

نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کے چہلم پر کوئٹہ میں 2 جلوس برآمد ہوں گے۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے مطابق کوئٹہ میں مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن میں 2 جلوس برآمد ہوں گے۔

علم دار روڈ سے برآمد ہونے والا جلوس بہشتِ زینب ہزارہ قبرستان پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار پولیس، ایف سی اور لیویز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوج اسٹینڈ بائی پر رہے گی، کوئٹہ کے 4 تھانوں کی حدود میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔

install suchtv android app on google app store