ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا

  • اپ ڈیٹ:
ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا فائل فوٹو ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا

نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے، جن کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

عزادار نوحہ و ماتم کے ذریعے شہدائے کربلا کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کرتے رہے، جلوس کے راستوں پر پانی کی سبیلوں اور نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا۔

یوم عاشور پر بستی بستی اور قریہ قریہ فاطمہ کے لعل کی پرسہ داری کا سلسلہ جاری رہا، ملک کے کونے کونے میں عزادار امام عالی مقام کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے۔

علمائے کرام اورذاکرین حضرت امام حسین علیہ السلام کی روشن اور واضح تعلیمات سمیت سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔

کراچی

کراچی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا۔ جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح 8 بجے نشترپارک میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔

مجلس عزا کے اختتام پر بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوا۔

مرکزی جلوس عزا میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات ہوئیں۔ جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں، اس موقع پر نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

مرکزی جلوس عزا کی سکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت اسکاؤٹس موجود رہے۔ مرکزی جلوس کے دوران امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام باجماعت نماز ظہرین تبت سینٹر کے مقام پر ادا کی گئی۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوا۔

جلوس کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی نے کی۔ شریک عزاداروں نے فوارہ چوک پر نماز ظہرین ادا کی تھی۔

سی پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ مرکزی جلوس کے راستے میں ایک ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے، مرکزی جلوس سمیت دیگر جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے۔

پشاور

پشاور میں علم، تعزیے اور ذوالجناح کے دس محرم الحرام کے مرکزی جلوس دوپہر امام بارگاہ آغاہ سید علی شاہ قصہ خوانی بازار سے نکالا گیا۔

دیگر دس جلوس مختلف امام بارگاہوں سے نکالے گئے اور مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے۔اسی طرح تعزیے، علم اور ذوالجناح کے جلوس کوہاٹ، بنوں، ہنگو، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع سے نکالے گئے۔

دس ہزار سے زائد پولیس کے دستے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صوبے کے مختلف حصوں میں تعینات کیا گیا جہاں محرم کے جلوس نکالے گئے۔

ریسیکو 1122 خیبرپختونخوا نے جہانگیر پورہ، کوہاٹی، خانم مارکیٹ، وڈپاگا اور گلبہار میں کیمپ قائم کئے۔

لاہور

لاہور میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس علی الصبح نثار حویلی موچی گیٹ سے برآمد ہوا۔

مرکزی ماتمی جلوس کشمیری بازار، مسجد وزیر خان، رنگ محل، پانی والا تالاب، بازار حکیماں، ٹکسالی اور بھاٹی گیٹ سمیت اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے رات گئے کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے دوران عزا داروں نے راستے کے مرکزی چوکوں پر عزا داری کی مجالس میں شرکت کی اور حضرت امام حسین اور ان کے عظیم رفقا کے ساتھ گہری عقیدت و احترام کے اظہار کیلئے زنجیر زنی کی۔

لاہور پولیس نے جلوس کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے ہیںجن میں تین مراحل کی سیکورٹی، واک تھروگیٹس کی تنصیب، سی سی ٹی وی کیمرے اور نگرانی کیلئے ڈرون کیمرے شامل ہیں۔ اس کے علاوے جلوس کے راستے میں ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں یوم عاشور کے موقع پر انتظامیہ نے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے اور صوبے بھر میں جلوس کی حفاظت کے لئے تین ہزار قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔

گلگت میں آج صبح مرکزی جلوس مرکزی جامعہ مسجد سے نکالا گیا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتاہوا دوپہر کو اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگیا۔

آزاد جموں و کشمیر

آزاد جموں و کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں میں تعزیہ، علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے۔

ریاستی دارالحکومت مظفر آباد اور ملحقہ علاقوں میں مختلف امام بارگاہوں سے دس ماتمی جلوس نکالے گئے جو مرکزی ماتمی جلوس میں شامل ہوگئے۔

علم، تعزیہ اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہوا۔

مرکزی جلوس مدینہ مارکیٹ سے ہوتا ہوا غروب آفتاب سے قبل مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری پر اختتام پذیر ہوا۔

پورے آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کم و بیش پانچ ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کا جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گیا جو نماز مغرب پر دوبارہ علمدار روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

عاشورہ کے جلوس میں شامل عزاداروں نے باچاخان چوک پر نمازِ ظہرین ادا کی۔ نمازِ ظہرین کی ادائیگی کے بعد عزادار باچاخان چوک سے روانہ ہو گئے۔

جلوس کے لیے شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جس کے لیے پولیس اور ایف سی کے 8 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے۔

جلوس کی کیمروں سے اور فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس بند ہے۔

install suchtv android app on google app store