حکومت فن کاروں کو سہولیات کی فراہمی کا سلسہ جاری رکھے گی: وزیر اطلاعات

مریم اورنگزیب فائل فوٹو مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت فن کاروں کیلئے بنیادی ڈھانچہ اور دیگرسہولیات کی فراہمی کا سلسہ جاری رکھے گی۔

پی ٹی وی اکیڈمی میں نیشنل فلم پروڈکشن انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدقسمتی سے فلم سازی کا شعبہ ایک خاص طبقے یعنی ایلیٹ کلاس تک محدود ہے اور عام فلم ساز چاہے جتنا باصلاحیت کیوں نہ ہو، کو فلم سازی میں بہت سی مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے 2017ءمیں پاکستانی فلم پالیسی کی بنیاد رکھی گئی جس کی منظوری وفاقی کابینہ نے 2018ءمیں دی تھی۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں میں پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑی، اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں فلمی صنعت 60، 70 اور 80ءکی دہائیوں میں عروج پر تھی جو آہستہ آہستہ زوال کا شکار ہوتی گئی۔ سینما ہال شادی ہالوں، سی این جی اسٹیشنوں اور پٹرول پمپوں میں تبدیل ہوگئے جو فلم انڈسٹری کے مزید زوال کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ 2005-2006میں فلمی صنعت کی دوبارہ بحالی کا آغاز ہوا تاہم اس کی رفتار سست تھی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ قطر، چین، ترکی، سعودی عرب، ایران اور دیگر ممالک نے فلم سازی کے شعبہ میں بے پناہ ترقی کی، ہم نے ان ممالک کے تجربات کی روشنی میں اپنی فلم پالیسی بنائی جس کا مقصد سینما ہاؤسز کی بحالی تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ واحد صنعت ہے جو ٹیکس فری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے شعبہ کو انڈسٹری کا درجہ اس لئے دیا گیا تاکہ نوجوان آبادی کو اس شعبہ میں آنے کا موقع مل سکے۔ ایسے نوجوانوں کے لئے بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم مولا جٹ سمیت پاکستان کی دیگر فلموں نے بہترین کاروبار کیا، سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا بیانیہ پہنچایا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پوری دنیا میں سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کابیانیہ پہنچانا، سنیما ہاوسز و فلمی صنعت کی بحالی، نوجوانوں کو اس کے ساتھ منسلک کرنا اورانہیں سہولیات فراہم کرنا پاکستان فلم پالیسی کے بنیادی نکات ہیں اور اسی وژن کے تحت پاکستان فلم انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store