امریکی فوجی امداد ختم ہونے کے بعد یوکرین نے اپنے شہریوں سے گھروں میں ڈرون تیار کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے یوکرین کی فوجی امداد ختم ہونے کے بعد روس سے نبرد آزما یوکرین نے اپنی فوجی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عوام سے گھروں میں ڈرون تیار کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
یوکرین کے نائب وزیر اعظم اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وزیر میخائل فیڈوروف نے کہا ہے کہ شہریوں کو ڈرون تیاری کے آن لائن کورسز کر کے روس کے ساتھ تنازع کے دوران ملکی فوج کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے گھروں میں ڈرونز کو تیار کرنا شروع کرنا چاہیے۔
فیڈروف نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں صدر زیلنسکی کی جانب سے رواں سال 2024 میں 10 لاکھ یو اے وی تیار کرنے کے ہدف کو حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے، فرسٹ پرسن ویو ڈرون اس تنازع میں ’’گیم چینجر‘‘ بن گئے ہیں، اگر عوام حکومت کی مدد کریں تو یہ سب ممکن ہو سکتا ہے۔
یوکرینی وزیر نے مزید کہا کہ فروری 2022 میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد کیف حکومت نے ڈرون بنانے والوں کو درپیش بہت سی قانونی رکاوٹوں کو دور کر دیا ہے اور ملک کی فرمیں فی الحال ڈرونز کی پیداوار بڑھا رہی ہیں تاہم فرنٹ لائنز سے دور کوئی بھی شخص یوکرین کی یو اے وی (بغیر پائلٹ ہوائی گاڑیوں) کے ہتھیاروں کو بڑھانے میں بھی مدد کر سکتا ہے۔
انہوں نے عوام کو ترغیب دی کہ وہ ایک انجینئرنگ کورس جو آپ کو گھر پر سات انچ کے ایف پی وی ڈرون کو تیار کرنے کا طریقہ سکھاتا ہے اس کی تربیت لے کر ڈرون تیار کے یوکرینی فوج کی مدد کر سکتے ہیں۔