ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اتحادی پارٹیوں سے مشاورت جاری ہے، پاور شیئرنگ سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی، پاور شیئرنگ گفتگو کا حصہ نہیں ہے، ساتھ چلنے پر مشاورت ہوئی ہے، وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے حکومت بنانے سے متعلق اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ اتحادیوں اور سیاسی مشاورت کے نتیجے میں وزیراعظم کا نام متفقہ طور پر طے کیا جائے گا، اس ضمن میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، بات چیت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ محمد آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے، پارٹی واضح کرنا چاہتی ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں ہوا۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ابھی تک وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے نام کا پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، بات چیت مکمل ہونے پر میڈیا کے ذریعے قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلہ کریں گے مشاورت سے کریں گے اور اعلان کریں گے۔