حکمرانوں نے سسٹم سے نکلنے کی کوشش کی تو نقصان ہوگا: فواد چوہدری

فواد چوہدری فائل فوٹو فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکمران ملک میں جلد ازجلد انتخابات کروائیں کیونکہ موجودہ حالات میں آئین پر عمل کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ آنے والا ہفتہ ملکی تاریخ کیلئے اہم ترین ثابت ہوگا۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے خط پر وزیراعظم کے جوابی خط کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے صدرمملکت کے خط کا جواب دیا، خط سے وزیراعظم شہبازشریف کے قد کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ لاہور میں مینار پاکستان جلسے میں شرکت کرکے عوام نے حکمرانوں کو مسترد کردیا، پورا پاکستان اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، جلسے کے موقع پر لاہور کو کنٹینر لگا کر بلاک کیا گیا اور جب عمران خان پیشی پر گئے تو گھر پر حملہ کیا گیا، ہم نے پولیس حکام کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے۔

حکومت کو نشانے پر رکھتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو لاپتا اور خواتین کو بےعزت کیا جارہا ہے، ماضی میں کبھی ایسا بےہیمانہ سلوک نہیں کیا گیا، گھروں سے 10 اور 13 سال کے بچوں کو بھی اٹھایا جارہا ہے، ایک کارکن کے80سالہ والد کو بھی اٹھا لیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اظہرمشوانی کولاپتا ہوئے3 دن ہوگئے، موجودہ حکومت نے تمام حدیں پارکردی ہیں، پاکستان کےعوام کی بےعزتی برداشت نہیں کی جاسکتی، یہ لوگ حکومت چلارہے ہیں یا کوئی گینگ ، راناثنا کہتا ہے کہ عمران خان نہیں یا ہم نہیں، حکمرانوں نے ملک کو تماشا بناکر رکھ دیا ہے حالانکہ سیاست ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کا نام ہے۔

حکومت کی معاشی پالیسیوں اور رمضان ریلیف پیکج پر بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں پٹرول سستا اور پاکستان میں مہنگا ہورہا ہے جبکہ 72گھنٹے میں آٹے کے حصول کے دوران 6 افراد جاں بحق ہوچکے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی حکومت کو آڑہے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے، آنے والا ہفتہ ملکی تاریخ کیلئے اہم ترین ثابت ہوگا، عمران خان حکمرانوں کے عصاب پر سوار ہیں، حکمراں شکست کے خوف سے انتخابات نہیں کروا رہے۔

سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکمراں ایک سال میں آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کرسکے، حکمرانوں نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے معاہدہ کیے بغیر ہی مہنگائی بڑھا دی ہے۔

install suchtv android app on google app store