عدالت کا حسان نیازی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

حسان نیازی فائل فوٹو حسان نیازی

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کارسرکار میں مداخلت کے کیس میں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر حسان نیازی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ڈیوٹی میجسٹریٹ مریدعباس کی عدالت پیش کیا گیا، ان کے وکیل فیصل چوہدری بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت پولیس کی جانب سے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، تفتیشی افسر نے حسان نیازی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ’ساتھی ملزم کا معلوم ہو گیا ہے لیکن پستول اور گاڑی برآمد کرنے ہیں‘۔

حسان نیازی کے وکیل فیصل چوہدری نے دلائل کے آغاز میں ایف آئی آر کاپی پڑھ کر سنائی، انہوں نے کہا کہ 72 گھنٹے سے ذیادہ ہو گئے ہیں یہ ان کے پاس ہیں لیکن ابھی بھی پسٹل برآمد کرنا ہے، تفتیشی افسر نے بتایا کہ دوسرے شخص کی شناخت کر لیا ہے، ایک چیز جب ان کے قبضے میں نہیں ہے تو بندے کو قبضے میں رکھنا کیسے ممکن ہے، 72 گھنٹوں میں پولیس یہ نہیں معلوم کر سکی گاڑی کون سی تھی اور کس کے نام پر تھی۔

دلائل مکمل ہونے پرجوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے حسان نیازی کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس ناکے پر مزاحمت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store