پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں انتخابات کیس کی سماعت شروع ہوگئی ہے اور مریم نواز اپنے بیانات کے ذریعے عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہی ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی ہے لیکن پی ڈی ایم کی حکومت عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کے لیے تیار ہوگئی ہے اور مریم نواز بیانات کے ذریعے عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ دوسروں کو برابھلا کہہ کر یہ اپنی کارکردگی سے منہ چھپانا چاہتے ہیں، پہلے بھی مریم نواز اینڈ کمپنی نے عدلیہ کے خلاف محاذ کھولا تھا جب کہ ماضی میں بھی ن لیگ عدلیہ کے خلاف محاذ کھول چکی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جن ججوں نے قاسم سوری کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا تو وہ بھی اس بینچ کا حصہ ہیں لیکن ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دینے کے خلاف پی ٹی آئی نے ججز کے خلاف کوئی محاذ نہیں کھولا۔
انہوں ںے کہا کہ مریم نواز کا خیال ہے کہ وہ عدلیہ کو دباؤ میں لے آئیں گی، پورے پاکستان کو اس وقت ایک بلیک میلر حکومت کا سامنا ہے، کچھ لوگوں کو آڈیو اور کچھ کو ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جارہا ہے، آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرنا بہت خطرناک ٹرینڈ ہے، اس سے پہلے ثاقب نثار کی آڈیو پر بھی پروپیگنڈا کیا گیا اور آڈیو پر ایک تماشا لگا دیا گیا، عدلیہ سے گزارش ہے کہ وہ کسی کے دباؤ میں نہ آئے۔