سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کیلئے جینیوا کانفرنس، 16.3بلین ڈالر امداد کی اپیل

پاکستان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں موسمیاتی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے اور مدد کے لیے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، آج ہم تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں یو این سیکرٹری جنرل کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، پاکستان کے عوام یو این سیکرٹری جنرل کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، عالمی برادری کے بھی تعاون پر مشکور ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا تخمینہ 30 ارب ڈالرز سے زائد ہے اور پاکستان کو فوری طور پر تعمیر نو اور بحالی کے لیے 16 اعشاریہ 3 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ برس تباہ کن سیلاب آیا، پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے، سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثرہ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے 5 ماہ بعد بھی کئی علاقے زیر آب ہیں، سیلاب سے متاثر ہ علاقوں میں تعمیر نو کے اقدامات جاری ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لچکدار انفرا اسٹرکچر کی تعمیر اولین ترجیح ہے، متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے لیے اگلے کئی سالوں تک ہمیں اپنے شراکت داروں سے خاطر خواہ مدد کی ضرورت ہو گی۔

اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے علاوہ وفاقی وزراء بھی شریک ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور دیگر عالمی رہنما بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا میں نے خود پاکستان جا کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، پاکستان میں سیلاب کے باعث بہت بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

یواین سیکرٹی جنرل کا کہنا تھا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا حال دیکھ کر دل ٹوٹ گیا لیکن مشکل حالات میں بھی پاکستانی عوام کا جذبہ دیکھ کر حیران ہوا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں ترکیہ ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہا، پاکستان میں سیلاب متاثرین کیساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں، سیلاب کے فوری بعد ترکیہ حکومتی وفد نے پاکستان کادورہ کیا، ترکیہ نے پاکستان کوفوری امدادکے ساتھ نقصانات کاجائزہ لیا، پاکستان میں ہونے والے نقصانات سے عالمی برادری کو آگاہ کیا۔

فرانسیسی صدر امانوئل مکرون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی، بیماری سے نمٹنے کیلئے اضافی ایک کروڑ ڈالر بھی دینگے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہرممکن تعاون کرینگے، پاکستان نے بہادری سے سیلاب سے تباہی کا مقابلہ کیا، سیلابی تباہی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو فوری امداد چاہيے،پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے فوری ایک کروڑڈالردینگے۔

install suchtv android app on google app store