قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مارچ سے ستمبر کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، خاص طور پر شمالی علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے کے واقعات آبادیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
ممکنہ متاثرہ علاقے
گلگت بلتستان:
احمد آباد، فیض آباد، گلمت اور وادی اشکومن میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا:
کمراٹ، ریشون، یارخن ویلی اور بریپ میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ صوبائی اداروں، پی ڈی ایم اے، ریسکیو سروسز اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہنگامی انخلا کا پلان تیار رکھنے اور وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔