شوگر کے مریضوں کیلئے خوشخبری، انتہائی کارآمد دوا دریافت

شوگر کے مریضوں کیلئے خوشخبری، انتہائی کارآمد دوا دریافت فائل فوٹو شوگر کے مریضوں کیلئے خوشخبری، انتہائی کارآمد دوا دریافت

نیویارک یونیورسٹی لینگون ہیلتھ کے سائنس دانوں نے شوگر کے سنگین اثرات کو کم کرنے والی ایک نئی دوا دریافت کر لی ہے، جو مستقبل میں لاکھوں مریضوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چوہوں پر کی جانے والی تجرباتی تحقیق میں یہ دوا، جس کا نام ریج فور زیڈ زیرو چھے آر (RAGE406R) رکھا گیا ہے، سوزش کو کم کرنے، خلیاتی نقصان کو محدود کرنے اور دل و گردوں کی بہتر بحالی میں مؤثر ثابت ہوئی۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ دوا زخموں کے بھرنے کے عمل کو تیز کرتی ہے، جو شوگر کے مریضوں کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا دیگر شوگر کی ادویات سے مختلف طریقے سے کام کرتی ہے۔ یہ خون میں شکر کی سطح کم کرنے کے بجائے خلیات کے اندر نقصان کو روکنے پر مرکوز ہے۔ دوا دو نقصان دہ پروٹینز، ریج اور ڈی آئی اے پی ایچ ون، کے باہمی تعامل کو روک کر کام کرتی ہے، جس سے ایڈوانسڈ گلائیکیشن اینڈ پروڈکٹس کے مضر اثرات کم ہوتے ہیں۔

ایڈوانسڈ گلائیکیشن اینڈ پروڈکٹس وہ اجزاء ہیں جو شکر کے پروٹین یا چکنائی کے ساتھ جڑنے سے بنتے ہیں اور شوگر میں یہ عمل بڑھ جاتا ہے۔ جب یہ اجزاء ریج پروٹین سے جڑتے ہیں تو سوزش اور خلیاتی نقصان بڑھتا ہے، جس میں ڈی آئی اے پی ایچ ون اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق چوہوں کی جلد پر دوا لگانے سے زخم تیزی سے بھرے، جس سے یہ واضح ہوا کہ دوا شوگر کے مریضوں میں دیر سے بھرنے والے زخموں کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ تحقیق سیل کیمیکل بایولوجی کے جریدے پر شائع ہوئی ہے اور ابتدائی مراحل میں ہونے کے باوجود شوگر کے علاج میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ اگر انسانی تجربات میں بھی کامیاب ہوئی تو یہ دوا ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو شوگر کے مریضوں کے لیے نئی امید کا پیغام دے سکتی ہے۔

install suchtv android app on google app store